لاہور (سپورٹس ڈیسک) افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد افغان لڑکیوں کی فٹبال ٹیم اپنے ملک کو چھوڑ کر عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈو کے ملک پرتگال منتقل ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیم کی رکن 15 سالہ سارہ نے بتایا کہ اپنا وطن افغانستان چھوڑنا تکلیف دہ تھا لیکن اب وہ بحفاظت پرتگال میں پیشہ ورانہ بنیادوں پر فٹبال کھیلنے کا خواب پورا کرنے کے لیے پرامید ہیں اور شاید کسی دن اپنے پسندیدہ سٹار کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات ہو جائے۔ میرا خواب ہے کہ میں رونالڈو جیسی اچھی کھلاڑی بن سکوں اور میں یہاں پرتگال میں ایک بڑی کاروباری خاتون بھی بننا چاہتی ہوں۔ افغانستان کی سینئر قومی ٹیم کی کپتان فرخندہ محتاج نے کہا کہ ٹیم کو افغانستان سے نکال کر پرتگال لانے کی ایک وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی پسند کا کھیل کھیلیں۔ فرخندہ انخلا کے عمل کے دوران لڑکیوں سے ساتھ رابطے میں رہیں۔ وہ 80 افراد کے انخلا میں کامیاب رہے جس میں خواتین یوتھ ٹیم اور ان کے اہلخانہ شامل ہیں۔ یہ نوجوان لڑکیاں 19 ستمبر کو پرتگال پہنچی تھیں۔