اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق ستمبر میں مہنگائی رواں مالی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ میں مہنگائی کی شرح 8.98 فیصد رہی۔ ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 2.12 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اگست میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد رہی تھی۔ اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا کہ ایک ماہ میں شہروں میں چکن 42.04 فیصد، پیاز 32.49 فیصد، دال مسور 15.70 فیصد مہنگی ہوئی۔ ماہانہ بنیادوں پر انڈے 14.43، آٹا9.69 اور دال چنا 5.98 فیصد مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں ٹماٹر 18.90 فیصد ،دال مونگ 4.02 اور آلو 2.62 فیصد سستے ہوئے۔ دیہات میں ایک ماہ میں چکن 47.95، پیاز 39.56 اور دال مسور 18.45 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ ایک ماہ میں انڈے 11.82، آٹا 9.4 ،دال چنا 8.78 فیصد مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں شہروں میں چینی کی قیمت 15.26 فیصد، پیاز 14.14 فیصد بڑھے۔ سالانہ بنیادوں پر شہروں میں آلو26.03 فیصد ،ٹماٹر 23.92 فیصد، دال مونگ 23.21فیصد سستی ہوئی جبکہ دیہات میں ایک سال میں چکن 49.36 فیصد، کوکنگ آئل 44.95 فیصد ،خورردنی گھی 41.87 فیصد مہنگا ہوگا۔
ستمبر میں مہنگائی 2.12 فیصد بڑھ گئی، چکن ، پیاز مسور، چنا، انڈے مہنگے : ادارہ شماریات
Oct 02, 2021