وزیراعلیٰ جام کمال کا بلوچستان عوامی پارٹی کی صدارت چھوڑنے کا اعلان 

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بلوچستان عوامی پارٹی کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ٹویٹ میں جام کمال نے پارٹی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اﷲ تین سال تک پارٹی صدر کے طور پر اچھی خدمات انجام دیں۔ مجھے پارٹی کا پہلا صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ جام کمال نے پارٹی کے چیف آرگنائزر اور جنرل سیکرٹری سے نئے پارٹی الیکشن کرانے کی درخواست کی ہے۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزرز نے اپنے استعفے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی کے حوالے کردئیے وزیراعلیٰ سے ملنے سے بھی انکار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی کی رہائش پر بلوچستان عوامی پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزرز کا اجلاس ہوا۔ بی اے پی کے ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پارٹی رہنمائوں نے میر جان محمد جمالی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر چیف آرگنائزر نے پارٹی صدر وزیراعلیٰ جام کمال خان کی کوئٹہ آمد کے بعد مسائل ان کے سامنے رکھنے کی پیش کش کی تاہم تمام ڈویژنل آرگنائزرز نے وزیراعلیٰ سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے احتجاجاً اپنا استعفیٰ چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی کے حوالے کردیا اور انہیں فیصلے کا اختیار دے دیا۔ دریں اثناء بلوچستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی و دیگر نے سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ای پیپر دی نیشن