اوقاف املاک پر قبضے ختم کرانے کیلئے کارروائی کا حکم، عوام کو چھت کا وعدہ نبھائیں گے : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اوقاف کی قیمتی املاک کو قابضین سے بچانے کیلئے پراپرٹی جیو ٹیگنگ کی جائے اور قبضہ سے بچانے کیلئے مستقل مانیٹرنگ کے لئے الگ یونٹ قائم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اوقاف کی قیمتی املاک پر غیرقانونی قبضے ختم کرانے کے لئے فوری کارروائی کا حکم دیا اور مستقل مانیٹرنگ کیلئے فول پروف میکنزم وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب بھر میں مزارات کی تعمیر وبحالی اور توسیع کا عمل جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ مزارات کی تزئین وآرائش کے ساتھ ساتھ ریسرچ سنٹر، لنگرخانے اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں بزرگان دین کے مزارات پر عطیات وصولی کے لئے بینک کاؤنٹر قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکو فعال بنایا جائے۔ نجی شعبے کے اشتراک سے ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا جائزہ لیاجائے۔ داتا دربار کے ساتھ منسلک ہسپتال کو مزید فعال اور بہتر بنایا جائے۔ پنجاب بھر میں 9قرآن محل کی تعمیر کا پراجیکٹ جلد مکمل کیا جائے۔  37 مزارات پر زائرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ تعلیم، اطلاعات اور اوقاف کو ہفتہ رحمت للعالمینؐ کے انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ سیکرٹری اوقاف نے عثمان بزدار کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 170مزارات پر لنگر خانے چلائے جارہے ہیں۔ عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکا دورہ بھی کیا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے وزیر مملکت محمد شبیر علی قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی سیاسی صورتحال اور ہاؤسنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا وعدہ نبھائیں گے۔ لاہور میں 180 ارب روپے کی لاگت سے 35 ہزار سستے اپارٹمنٹس بنائیں گے۔ پہلے مرحلے میں لاہورکیلئے 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔  ایل ڈی اے کے قوانین میں بزنس فرینڈلی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن میں ترامیم کے ذریعے ہائی رائز بلڈنگ کی تعمیر کو فروغ ملے گا۔ لاہور میں ہائی رائز بلڈنگ بننے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری اور روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن