اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ڈنمارک کے وزیر خارجہ مسٹر جیپ کوفڈ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاکستان فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، موجودہ صورتحال اور افغانستان میں انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند ملٹی ڈومین تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔ ڈینش وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار خصوصاً کامیاب انخلا آپریشن اور علاقائی استحکام کے لئے کوششوں کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بہتر بنانے کا عہد کیا۔