اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ کالعدم ٹی ٹی پی کو غیر مسلح کرنے اور انہیں عام پاکستانی شہری بنانے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں افغان طالبان ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں، طالبان کی ثالثی اس حد تک ہے کہ مذاکرات افغانستان میں ہو رہے ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہتھیار ڈال دے تو معاف کر دیں گے۔ کالعدم ٹی ٹی پی والے عام شہری کی طرح رہ سکتے ہیں۔ افغانستان کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ہمیشہ یہی کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔ ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے انٹرویو کے دوران کہا کہ یہ بات چیت افغان طالبان کے تعاون سے افغانستان میں ہو رہی ہے تاہم بات چیت کی کامیابی کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میں معاملات کے عسکری حل کے حق میں نہیں ہوں اور کسی قسم کے معاہدے کے لیے پرامید ہوں۔ تاہم ممکن ہے کہ طالبان سے بات چیت نتیجہ خیز ثابت نہ ہو لیکن ہم بات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے نیشنل یوتھ کونسل میں شامل نوجوانوں نے ملاقات کی جس میں ملکی ترقی کیلئے نوجوانوان کے کردار اور حکومتی سرپرستی پر بات چیت کی گئی ۔ جمعہ کو 33 رکنی وفد نے سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کی قیادت میں ملاقات کی۔ تمام صوبوں کے یوتھ منسٹرز بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نیشنل یوتھ کونسل کے پیٹرن ان چیف اور عثمان ڈار چیئرمین ہیں۔ ملاقات میں ملکی ترقی کیلئے نوجوانوان کے کردار اور حکومتی سرپرستی پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک کی ترقی نوجوانوں کی ترقی پر منحصر ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا ملک کی خوش قسمتی ہے۔ حکومت ملک میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کامیابی کا راستہ صرف جدوجہد کا راستہ ہے۔ لیڈر ہمیشہ سچا اور ایماندار ہوتا ہے، آپ بھی سچ کا راستہ اپنائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو سخت معاشی اور اقتصادی چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ اقتدار سنبھالا تو ملکی برآمدات صرف 20 ارب ڈالر تھیں۔ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سینئر وزراء کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی‘ خارجہ‘ داخلی سکیورٹی سمیت قومی امور پر مشاورت کی گئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید‘ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ وزیر اطلاعات فواد چودھری‘ شیریں مزاری‘ معید یوسف نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے دورہ امریکہ اور مختلف ممالک کے دوروں کی رپورٹ پیش کر دی۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا امور پر بریفنگ دی۔ معید یوسف نے افغانستان سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک اور اچھی خبر‘ ایف بی آر نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لانچ کر دیا۔ اقدام سے ریونیو بڑھانے‘ معیشت ڈیجیٹلائز کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نالہ لئی ایکسپریس وے پر اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب نے شرکت کی۔ نالہ لئی ایکسپریس وے پر کام جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے نالہ لئی منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کے آغاز میں مزید کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو نئی ماڈل پناہ گاہوں میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے فائربندی کا اعلان کردیا۔کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبرپی کے کے ضلع شمالی وزیرستان کے جنگجوؤں اور فوج کے درمیان فائر بندی کردی گئی۔کالعدم تنظیم کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشران نے تمام جنگجوؤں کو آج سے 20 اکتوبر تک فائربند ی کا حکم دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ہمارے مشران کی کچھ خفیہ بات چیت چل رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان سے ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے اہم ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنا ضروری ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے۔
کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری افغان طالبان ثالث : عمران
Oct 02, 2021