اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)گیارہویں بین الاقوامی مشق کورمورینٹ اسٹرائیک 2021 کولمبو سری لنکا میں اختتام پذیر ہوئی۔ پاک بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ نے سری لنکا آرمی کے زیرِ انتظام منعقد ہونے والی اس بین الاقوامی مشق میں انفنٹری ٹریننگ سینٹر مینیریا میں شرکت کی۔ ایکسرسائز ڈائریکٹر، کمانڈر ریزرو اسٹرائیک کور میجر جنرل ہریندرا رانا سنگھے نے تمام شریک ممالک کی اسپیشل آپریشنز فورسز کا استقبال کیا۔ دیگر ممالک بشمول بنگلہ دیش، بھارت، مالدیپ اور نیپال کی اسپیشل فورسز نے بھی مشق میں شرکت کی۔ اس مشق کا انعقاد خصوصا اسپیشل آپریشنز فورسز کے دائرہ کار میں پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کو ممکن بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔ اس مشق کا مقصد شریک ممالک کی اسپیشل آپریشنز فورسز کے مابین باہمی تعاون بہتر کرنے، دفاعی تعلقات مضبوط کرنا اور مشترکہ آپریشن کی صلاحیت بڑھانا ہے۔ بین الاقوامی مشق میں عسکری حربے بشمول انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، قدرتی آفات کے وقت میں امدادی مشن، دریاں میں کیے جانے والے آپریشنز اور سمندر میں انسدادِ دہشت گردی شامل تھے۔ بین الاقوامی مشق سے حاصل ہونے والی پیشہ ورانہ مہارت مشترکہ آپریشنز کے انعقاد اور شریک ممالک کے مابین تعاون میں اضافہ کا باعث ہوگی۔