لاہور(سٹی رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ثمن رائے نے کہا ہے کہ گرانقدر خدمات سرانجام دے کر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دینے والے محکمہ تعلقات عامہ کے افسران واسٹاف ممبران محکمہ کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ فیصل آباد طارق جاوید اور اہلکاران کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقد کی گئی پروقار الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور محکمہ کارکردگی میں اضافے کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں انہوں نے بہترین خدمات سرانجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈی جی پی آر حامد جاوید اعوان نے کہا کہ ضلعی ڈویژنل اور صوبائی ہیڈکوارٹر کی سطح پر ڈائریکٹریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے افسران اور اہلکاران حکومت پنجاب کی موثر میڈیا پروجیکشن میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزت اور وقار کے ساتھ اپنی مدت ملازمت پوری کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔سابق ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز فیصل آباد طارق جاوید نے محکمہ میں اپنی مدت ملازمت کو بہترین اثاثہ قرار دیا اور اپنے ساتھیوں کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے افسران اور ملازمین میں تحائف تقسیم کیے گئے۔