اوورسیزپاکستانیوں کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں،طارق محمودالحسن 


لاہور(نیوزرپورٹر)وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب سید طارق محمودالحسن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے جلد حل کیلئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر میں امریکہ، کینیڈا، یوکے، جرمنی اور کویت سے آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی ذمہ داری سونپی ہے۔لہذا میں پوری ایمانداری سے اپنے فرائض نبھانے کیلئے دن رات کوشاں رہو نگا۔ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان قومی اور بین الاقوامی فورم پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہمہ تن کوشاں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کو درپیش مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے۔ وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے کہا ہے کہ میں اس ادارے کو مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کروں گا۔ انہوں نے بیرون ملک بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنے اور انہیں فی الفور حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 

ای پیپر دی نیشن