لاہور(نامہ نگار)سی سی پی اولاہورڈی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس افسران کی طرف سے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے۔کھلی کچہریوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کر رہے ہیں جبکہ پولیس افسران اور عوام الناس کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی مزید مضبوط ہوا ہے۔غلام محمود ڈوگر گزشتہ روز صدر ڈویژن کے زیر اہتمام تھانہ گرین ٹاؤن میں منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں سے خطاب کر رہے تھے۔ایس پی صدر آپریشنز آصف امین،ایس پی انوسٹی گیشن حمزہ امان اللہ،ایایس پی رائیونڈ حسیب میمن،تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد کھلی کچہری میں موجود تھی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ قبضہ مافیا،شہریوں کا استحصال کرنیوالے غنڈہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سی سی پی او لاہور نے کھلی کچہریوں میں ذاتی عناد کی خاطر مخالفین کے خلاف من گھڑت اور جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا عندیہ دیا۔انہوں نے کہا کہ جھوٹی درخواستیں دینے والے اپنا اور پولیس کا وقت ضائع کرنے سے گریز کریں کیونکہ اسطرح حقداروں کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر ہو جاتی ہے۔انہوں نے ایک بار پھر شہریوں کی زمینوں جائیدادوں پر قبضہ کرنیوالوں اور غنڈوں بدمعاشوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ اپنی اصلاح کر لیں وگرنہ انہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈالا اور عبرت کا نشان بنا دیا جائیگا۔ گرین ٹاؤن کا علاقہ نسبتا دور ہونے کی وجہ سے یہاں کے رہائشیوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنے اور ریلیف فراہم کرنے آئے ہیں۔ وعدہ کرتاہوں لاہور میں کوئی بدمعاش، قبضہ مافیا نہیں رہے گا۔ خواتین کے ساتھ جنسی ہراسگی اور تشدد کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔غلام محمود ڈوگر نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ تھانوں میں ایف آئی آرز کا فوری اندراج اور کیسز کی میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے۔کسی بھی تاخیر یا غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
وعدہ کرتاہوں لاہور میں کوئی بدمعاش، قبضہ مافیا نہیں رہیگا:سی سی پی او
Oct 02, 2021