پی سی بی کے رویے سے نالاں قومی کرکٹر عمر اکمل امریکا چلے گئے 

Oct 02, 2021

لاہور(آئی این پی) پی سی بی کے رویے سے نالاں قومی کرکٹر عمر اکمل امریکا چلے گئے ہیں۔اس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغا م میں کیا۔عمر اکمل نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں ذاتی میٹنگز کے سلسلے میں امریکا جا رہا ہوں، اگر سب اچھا ہوتا ہے تو ہو سکتا ہے کچھ عرصہ امریکا میں قیام کروں، سپورٹرز سے دعائوں کی ضرورت ہے جیسے ہمیشہ کرتے رہے ہیں۔عمر اکمل کو پابندی کے خاتمے کے بعد رواں سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملی، وہ سینٹرل پنجاب سیکنڈ الیون کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلے لیکن ناکام رہے، 5میچز میں صرف 66رنز ہی بناسکے جس میں ان کا بہترین اسکور صرف 29 رنز تھا۔ساڑھے 42لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد عمر اکمل کو پی سی بی کے ری ہیب پروگرام میں شامل کرکے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔عمراکمل ایک ماہ امریکہ میں چھٹیاں گزارنے کے ساتھ کرکٹ میچز بھی کھیلیں گے۔ اس دوران وہ سمیع اسلم کی طرح امریکہ میں ہی کرکٹ کھیلنے کے  طویل مدتی معاہدے کے حصول کی کوشش بھی کریں گے۔قائد اعظم ٹرافی کے میچز میں نام آنے اور پلینگ الیون میں شمولیت کی یقینی دہانی پر ان کا وطن واپسی کا پلان ہے۔واضح رہے کہ سمیع اسلم سمیت کئی کرکٹرز اس وقت امریکا میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

مزیدخبریں