نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) بااثر افراد کا خاتون سمیت تین افراد پر وحشیانہ تشدد، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، بتایاگیا ہے کہ تھانہ تتلے عالی کے علاقہ کوٹلی منسو میں اکرام ظفر ورک نامی بااثر شخص نے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ بکری چوری کے شبہ میں ایک خاتون اور دو افراد پر وحشیانہ تشدد کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھاگیاکہ اکرام ورک ساتھیوں سمیت خاتون کو الٹا لٹکا کر پلاسٹک کے پائپ سے تشدد کر رہاتھا جبکہ دوسری ویڈیو میں نوجوان کو سڑک پر پلاسٹک کے پائپ اور ڈنڈوں سے تشدد کرتا رہا جبکہ کلاشنکوف بردار افراد بھی اکرام ورک کے ہمراہ تھے۔ تشدد سے متاثرہ خاتون اور مرد ملزمان کے بااثر ہونے کی وجہ سے منظرعام سے غائب ہو گئے۔ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت نے واقعہ کا نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے اکرام ظفر ورک، شکیل، شرجیل، احد سمیت دس افراد کے خلاف مقدمہ کرلیا جبکہ تین افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا جبکہ ملزمان سے ایک کلاشنکوف برآمد کر لی۔