اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور (جنرل رپورٹر، خبر نگار، نوائے وقت رپورٹ، نیوز رپورٹر) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ کراچی اور پشاور میں مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 88 افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے جن کے ٹیسٹ کرائے گئے تو مثبت آیا جس کے بعد ان کو ہسپتالوں میں داخل کرکے مخصوص وارڈوں میں علاج معالجہ شروع کر دیا گیا۔ مریضوں کی تعداد 2360 تک پہنچ گئی، راولپنڈی کے تینوں سرکاری ہسپتالوں میں داخل 5 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 389 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں مزید 330 ‘ بلوچستان میں مزید 173 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ادھر لاہور میں ڈینگی کا پھیلائو جاری ہے۔ رواں سیزن کے دوران ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 29 سو تک جا پہنچی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1174 شہریوں کو ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ کمرشل عمارتوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 52 افراد کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروایا گیا ہے اور 02 مقام کو سیل بھی کیا گیا ہے اور 17 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 1362 مقامات سے ان ڈور ڈینگی لاروا تلف کروایا گیا ہے اور 74 مقامات سے آؤٹ ڈور ڈینگی لاروا تلف کروایا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ ٹیمیں ڈینگی سرویلنس کو یقینی بنائیں اور ڈینگی سپرے پر فوکس کیا جائے۔
ڈینگی
کراچی‘ پشاور میں ڈینگی سے 2 جاں بحق،راولپنڈی، مزید 88متاثر
Oct 02, 2022