سرائے مغل(نامہ نگار) دنیا بھر میں گلوبل وارمنگ بڑا چیلنج بن کر سامنے آچکا ہے جس سے خطرناک موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جن سے بچنے اور گلوبل وارمنگ کنٹرول کرنے کیلئے صرف درخت لگانا ہی کافی نہیں اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے کئی محاذ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کو موثر پالیسی اور باقاعدہ قانون سازی کرناہوگی۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان نیشنل واٹر کمیشن کے چیئرمین یوسف سرور فریدی اور کسان بورڈ پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی رمضان نے موسمیاتی تبدیلی پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ یوسف سرور فریدی نے کہاہے کہ گاڑیوں کا بڑھتا ہوا استعمال اور آئے روز سڑکوں پر گاڑیوں کا بے پناہ اضافہ لمحہ فکریہ ہے جس سے گرین ہاوس ایفیکٹ سے ماحولیاتی آلودگی اور زمینی درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔