حکمرانوں نے سیلاب متاثرین کو تنہاچھوڑدیا،محمد حسین محنتی

Oct 02, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں مسلسل پیپلزپارٹی کی حکومت نے وڈیرہ شاہی نظام کو مزید طاقتور بنادیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں پر مظالم کا بدترین سلسلہ جاری ہے، شہید ناظم جوکھیو کاخون سندھ حکومت ،وڈیرہ شاہی اور سرداری نظام کی وجہ سے انصاف اور قاتلوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کی بجائے معافی تلافی سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹکری گوٹھ گڈاپ ملیر میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم الخدمت خیمہ بستیوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقات اور انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع شمالی وسطی کے جنرل سیکرٹری عرفان احمد، سومار برفت ، امتیاز پالاری و مجاہد چنا ودیگر مقامی ذمے داران بھی انکے ساتھ موجود تھے۔ سندھ کے لوگوں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب میں حکمرانوں نے اکیلا چھوڑدیا ہے ان کی دادرسی کی بجائے کٹ لگاکر مزید علاقوں کو ڈبودیا گیا تاکہ بیرونی امداد ہڑپ کی جاسکے،جماعت اسلامی بلا کسی اختیار اور اقتدار کے ہر جگہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی دن رات خدمت کرنے میں مصروف عمل ہے۔ سندھ بھر متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم گئے ہیں جہاں ان کو ہرقسم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ الخدمت اور جماعت اسلامی پر نہ صرف ملکی بلکہ عالمی اداروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، حالیہ سیلاب میں ابھی تک اربوں روپے کی امدادی اشیاءتقسیم کرچکے ہیں جبکہ سیلاب زدگان کی بحالی اور گھروں میں منتقلی تک خدمت کا یہ کام جاری رہے گا۔
محمد حسین محنتی

مزیدخبریں