لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دو رکنی وفد نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسن الرحمان مزاری سے ملاقات کی، پی ایچ ایف کا وفد سیکرٹری جنرل سید حیدر حسین اور اولمپیئن ناصر علی پر مشتمل تھا، اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ چاہتے ہیں خواہش ہے کہ قومی کھیل زمانے عروج کی جانب اپنا سفر دوبارہ شروع کرے۔حیدر حسین کا گراس روڈ لیول پر ہاکی کے فروغ کےلئے کام کرنا اور ان کا پلان متاثر کن ہے، قومی کھیل کی بحالی اور گرین شرٹ کو دوبارہ بام عروج پر لانے کی کوششوں میں ہاکی فیڈریشن کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ ملاقات کے موقع پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری نے وفاقی وزیر آئی پی سی کو اپنے پلان اور روڈ میپ سے آگاہ کیا کہ وہ کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنے کےلئے سرکاری اور نجی اداروں کو شامل کریں گے۔حیدر حسین نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے میں وزارت آئی پی سی اور پی ایس بی کا کردار اہم ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر سے پی ایس بی کے قومی کوچ رانا نصراللہ کو قومی ہاکی کیمپ کیلئے تعینات کرنے کی درخواست کی تاکہ وہ کراچی میں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کےلئے جاری تربیتی کیمپ جوائن کرسکیں۔ وہ مختلف ایج کٹیگری پر مشتمل قومی ٹیم کا ایک پول بنانا چاہتے ہیں جو تین درجات پر مشتمل ہو، ڈومیسٹک سطح پر ہمارا فوکس انڈر 16 کے کھلاڑی ہیں۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران کراچی ہاکی کی کارکردگی، مختلف محکموں اور تعلیمی اداروں میں ہاکی ٹیم کے قیام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔