قصور(نمائندہ نوائے وقت) صوبائی محتسب کے کردار اور عمل کے حوالے سے گزشتہ روز گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج قصور میں آگاہی سیمینار ہوا۔ جس میں ایڈوائزر ٹو صوبائی محتسب پنجاب قصور انور رشید‘پرنسپل کالج ہذا سعید بھٹی، پروفیسرز، لیکچراز اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈوائزر ٹو صوبائی محتسب پنجاب قصور انور رشید نے کہا کہ صوبائی محتسب عوام کی دادرسی کیلئے آسان اور سستا ادارہ ہے‘شہری سادہ کاغذ پر شکایات کا اندراج کرا سکتے ہیں‘ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے کسی سفارش یا وکیل کی ضرورت نہیں بلکہ سادہ کاغذ پر شکایات اور ضروری ثبوت سے ہی متعلقہ ادارے کیخلاف ایکشن لیاجا تا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محتسب کا کام عوام کی جائز شکایات کا بروقت ازالہ اور حل ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ عوامی شکایات پر فورا ایکشن لیکر ان کی دادرسی کرکے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔