کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس500پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی اور انڈیکس 40600پوائنٹس سے بڑھ کر41100پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں92ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ49فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے مثبت نتائج اور اسحاق ڈار کی وزیر خزانہ کی حیثیت سے تقرری ،ڈالر کی قدر میں غیرمتوقع طور پر کمی،اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستا ن کا مقدمہ مئوثر انداز میں پیش ہونے سے بیرونی دنیا سے فلڈ فنڈ کا حجم بڑھنے جیسے عوامل پر مارکیٹ میں تیزی کے اثرات دیکھے گئے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے3دن تیزی رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 1012.83پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ عالمی سطح پر کساد بازاری سے ایشیائی مارکیٹوں میں مندی کے اثرات اور پرافٹ ٹیکنگ اورمعیشت کی کمزور بنیاد کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں ہچکاہٹ ا ن کی بازار حصص سے دوری کا سبب بنا یہی وجہ ہے کہ 2دن کی مندی سے انڈیکس 504.37پوائنٹس گھٹ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 508.46 پوائنٹس کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 40620.21پوائنٹس سے بڑھ کر41128.67پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 92 ارب 32 کروڑ 22 لاکھ 46 ہزار 560 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 66 کھرب 89 ارب 71 کروڑ 40 لاکھ 65 ہزار 892 روپے سے بڑھ کر 67 کھرب 82 ارب 3 کروڑ 63 لاکھ 12 ہزار 452 روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 1649 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے807کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،703میں کمی اور139کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔