لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دو رکنی وفد نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسن الرحمان مزاری سے ملاقات کی، پی ایچ ایف کا وفد سیکرٹری جنرل سید حیدر حسین اور اولمپیئن ناصر علی پر مشتمل تھا، اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ چاہتے ہیں خواہش ہے کہ قومی کھیل زمانے عروج کی جانب اپنا سفر دوبارہ شروع کرے۔حیدر حسین کا گراس روڈ لیول پر ہاکی کے فروغ کیلئے کام کرنا اور ان کا پلان متاثر کن ہے، قومی کھیل کی بحالی اور گرین شرٹ کو دوبارہ بام عروج پر لانے کی کوششوں میں ہاکی فیڈریشن کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔انہوں نے پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل سید حیدر حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہا گراس روٹ لیول پر کھیل کے فروغ کیلئے پی ایچ ایف کی مخلصانہ کوششوں کا ساتھ دیں گے، پاکستان ہاکی لیگ سے ہاکی کے نئے سفر کا آغاز ہوگا، امید ہے پی ایچ ایل کا انعقاد فیڈریشن کیساتھ کھلاڑیوں کے بھی مالی مشکلات کو کم کرنے کا سبب بنے گا، وفاقی وزیر نے پی ایچ ایف کے سیکرٹری کو کھیل کے مفاد میں تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی، ملاقات کے موقع پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری نے وفاقی وزیر آئی پی سی کو اپنے پلان اور روڈ میپ سے آگاہ کیا کہ وہ کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے سرکاری اور نجی اداروں کو شامل کریں گے۔حیدر حسین نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے میں وزارت آئی پی سی اور پی ایس بی کا کردار اہم ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر سے پی ایس بی کے قومی کوچ رانا نصراللہ کو قومی ہاکی کیمپ کیلئے تعینات کرنے کی درخواست کی تاکہ وہ کراچی میں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کیلئے جاری تربیتی کیمپ جوائن کرسکیں۔ حیدر حسین نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف ایج کٹیگری پر مشتمل قومی ٹیم کا ایک پول بنانا چاہتے ہیں جو تین درجات پر مشتمل ہو، ڈومیسٹک سطح پر ہمارا فوکس انڈر 16 کے کھلاڑی ہیں، ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والی ملاقات کے دوران حیدر حسین نے گزشتہ پانچ سال کے دوران کراچی ہاکی کی کارکردگی، مختلف محکموں اور تعلیمی اداروں میں ہاکی ٹیم کے قیام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد کی ملاقات
Oct 02, 2022