بڑے میچزمیں سکور کرنا پسند ‘پی ایس ایل کا فائدہ ہوا : فل سالٹ 

لاہور(اسپورٹس رپورٹر)انگلینڈ ٹیم کے کرکٹر فل سالٹ نے کہا ہے کہ وکٹ اتنی سیدھی نہیں تھی، انگلینڈ کی جیت کا پلیٹ فارم ٹیم کے بائولرز نے سیٹ کیا تھا۔ ان کے خیال میں چھٹے ٹی ٹونٹی کی وکٹ اتنی ہی اچھی تھی جتنی انہیں سیریز کے دیگر میچز میں ملی، اس وکٹ پر بائولرز کیلئے بھی کچھ سپورٹ تھی، سلوور ون کام کررہا تھا، کہیں کہیں باؤنس مل رہا تھا اس لیے میں یہ نہیں کہوں گا کہ یہ بالکل سیدھا وکٹ تھا۔ وہ بائولرز کو کریڈیٹ دیں گے، انگلینڈ کے بائولرز نے زبردست کھیلا اور ٹیم کی جیت کیلئے پلیٹ فارم سیٹ کیا، بابر اعظم نے آخر میں اچھا کھیلا ورنہ ہماری کوشش تھی کہ دس پندرہ رنز کم میں محدود کرسکتے تھے۔ ایمانداری کی بات ہے میں بڑے گیمز میں سکور کرنا پسند کرتا ہوں، یہ بڑا گیم تھا، دو دن بعد ایک اور بڑا گیم ہے اور جب بطور ٹیم آپ بڑے گیم کیلئے جاتے ہیں تو آپ کو ایک کھلاڑی درکار ہوتا ہے جو ذمہ داری لے، وہ کھلاڑی میں تھا اور یہی ہماری ٹیم کی اپروچ ہے، پہلے سے لے کر گیارہویں پوزیشن تک، جس کو موقع ملے وہ گیم فنش کرکے آئے۔ جب فل سالٹ سے معلوم کیا گیا کہ انہوں نے لنچ میں کیا کھایا تو ان کا کہنا تھا لنچ میں تو انہوں نے اسپیگیٹی کھائی تھی لیکن گزشتہ شب حارث رؤف نے انہیں لیمب(دنبہ) کھلایا تھا، شاید یہ حارث کے کھانے کا ہی اثر ہے۔ سیریز برابر ہونے کے بعد آخری میچ کافی دلچسپ ہوگیا ہے، امید ہے آخری میچ میں بھی دلچسپ کراؤڈ ہوگا، ایسے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔ ان کی ٹیم کیلئے یہ میچ ایک عام میچ کی طرح ہی ہوگا جس میں فرق بس یہی ہوگا کہ فاتح ٹیم کو ایک ٹرافی ملے گی۔لاہور کے کراؤڈ کی تعریف کرتے ہوئے فل سالٹ نے کہا کہ یہاں پی ایس ایل میں جب وہ قلندرز کیلئے کھیل رہے تھے تو اس وقت بھی فل ہاؤس کراؤڈ دیکھا، یہاں کے کراؤڈ کے سامنے کھیل کر ان کی عادت بگڑ رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن