اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ کے نواحی گاو¿ں میں گھریلو حالات سے تنگ خاتون نے 2 بیٹیوں سمیت زہریلی گولیاں نگل لیں، ماں اور دونوں بیٹیاں جاں بحق ہو گئی۔ تھانہ بصیرپور کے علاقہ چک احمد شاہ میں گھریلو حالات سے تنگ ایک خاتون نسرین بی بی نے اپنی 2 بیٹیوں طیبہ اور رضوانہ سمیت مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ تینوں ماں بیٹیوں کو تشویشناک حالت میں آر ایچ سی بصیریور لایا گیا جہاں ماں نسرین بی بی اور ایک بیٹی رضوانہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ دوسری بیٹی طیبہ کو ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور منتقل کیا گیا جہاں سے اسے تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گئی۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او منصور امان نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ڈی ایس پی بصیرپور سرکل ذوالفقار وریا موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعہ کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش شروع کر دی ہے اور شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دئیے ہیں۔ افسوسناک واقعہ پر علاقہ بھر میں سوگ کی فضا قائم اور ہر آنکھ اشک بار ہے۔