اسلام آباد(نامہ نگار)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے حفاظ قرآن کے اضافی نمبرز کے خاتمے کو افسوسناک قرار دیا،مولانا جالندھری نے کہا کہ مختلف حیلے بہانوں سے پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے اور نظریہ پاکستان سے انحراف کی کوشش کی جا رہی ہے جو کسی طور پر قابل برداشت نہیں،انہوں نے مطالبہ کیاکہ حفاظ بچوں کے اضافی نمبرز بحال کیے جائیں تفصیلات کے مطابق اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب(میڈیکل ایجوکیشن ونگ )کی جانب سے 27 ستمبر2023 کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا جس میں ملک بھر کے تمام میڈیکل کالجز کے داخلے میں شریک حفاظ طلبہ و طالبات کے حفظ قرآن کریم کے اضافی نمبرز کو ختم کر دیا گیا جس پر ملک بھر میں غم و غصہ اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالے سے ایک متنازعہ معاملے میں فیصلہ کرکے حکمنامہ بھی جاری کر دیا ہے- وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے پی ایم ڈی سی کے اس فیصلے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا،مولانا جالندھری نے کہا کہ حفاظ بچوں کے نمبرز کے خاتمے کی کوشش نظریہ پاکستان سے انحراف اور پاکستان کی اسلامی اور دینی شناخت کو ختم کرنے کی کوشش ہے- انہوں نے مطالبہ کیا کہ حفاظ بچوں کے نمبرز فی الفور بحال کیے جائیں- حالانکہ ملک کے باقی کالجز و یونیورسٹیز میں داخلے کے لیے حفاظ طلبہ و طالبات کو حفظ قرآن کریم کے اضافی نمبر دئے جارہے ہیں۔
وفاق المدارس نے حفاظ قرآن کے اضافی نمبرز کا خاتمہ افسوسناک قرار دیدیا
Oct 02, 2023