غزہ (آئی این پی ) فلسطینیوں نے اسرائیلی کی جانب سے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے اس طرح کے جارحانہ اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ اسرائیلی بستیوں میں رہنے والے انتہا پسند اسرائیلیوں نے جنھیں اسرائیلی فوجیوں کی مکمل پشت پناہی حاصل تھی اتوار کی صبح مسجد الاقصی کے اندر داخل ہوئے اور اسلامی مقدسات کی توہین کی۔ اس بار انتہا پسند اسرائیلیوں نے یہودیوں کی عید عیدالعرش کا بہانہ بناتے ہوئے مسجدالاقصی پر حملہ کیا۔ فلسطین کی تحریک حماس، جہاد اسلامی اور استقامتی محاذ نے مسجد الاقصی کو لاحق خطرات کی بابت خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے وحشیانہ حملوں اور جارحانہ اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری اسرائیلی غاصبوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصی کی بے حرمتی اور اس کو یہودی رنگ دینے کی اسرائیلی کی کوششوں کو ناکام بنادیں گے ۔