واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں ہزاروں گلین زہریلے مواد سے لدے ٹرک کے جنوبی الینوائے میں حادثے میں تباہی کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔غیرملکی حکام نے بتایا کہ ٹرک تقریبا 7,500 گیلن اینہائیڈروس امونیا لے جا رہا تھا جب یہ ہفتے کی صبح ایفنگھم کانٹی کے شہر ٹیوٹوپولس کے قریب الٹ گیا۔الینوائے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے کہا کہ ابتدائی تخمینوں میں 4,000 گیلن کے اخراج کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں علاقے سے تقریبا 500 افراد کا انخلا ہوا ہے۔ایفنگھم کانٹی کورونر آفس نے بتایا کہ مرنے والوں میں 12 سال سے کم عمر کے دو بچے بھی شامل ہیں اور مرنے والوں میں سے تین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ پانچ زخمیوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ریاستی پولیس نے کہا کہ حادثہ امونیا کے اخراج کی وجہ سے جائے وقوعہ سے تقریبا 1600 میٹر کے دائرے میں علاقے کو خالی کرایا گیا۔