آرمینیا کی سرحد پر سنائپر حملے میں آذربائیجان کا فوجی ہلاک

باکو(این این آئی)آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحد پر آرمینیائی فوج کے اسنائپر کی فائرنگ سے ایک آذری فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس کی مسلح افواج اپنے فوجی کی ہلاکت کے بعد جوابی اقدامات کر رہی ہیں۔آرمینیا نے فوری طور پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی افواج کی جانب سے آذربائیجان کے ٹھکانوں پر فائرنگ کا دعوی حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔اس واقعہ سے ایک ہفتہ قبل ہی آذربائیجان نے نگورنو قراباخ کے علاقے پر دوبارہ قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد ہمسایہ ممالک کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔آذربائیجان کی وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ نگورنو قراباخ کے مغرب میں واقع علاقے کیلباجارمیں آرمینیا کے ساتھ سرحد پر پیش آیا ۔قفقاز کے ان دو متحارب ممالک کے درمیان سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ عام ہے لیکن اب تک دونوں فریقوں نے نگورنو قراباخ پرحالیہ کشیدگی کو وسیع تر تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن