ویزا ختم ہونیوالے گیرملکیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، 800افغان گرفتار

Oct 02, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حساس اداروں کے ہمراہ سی ٹی ڈی پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 800 افغانوں کو گرفتار کر لیا۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کاو¿نٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے حساس اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا۔ ان علاقوں میں بارہ کہو، ترنول، مہر آبادیاں، گولڑہ اور شمس کالونی شامل تھے۔ آپریشن کے دوران 800 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، تاہم گرفتار افغان باشندوں میں 400 کو پروف آف ریزیڈنس ہونے پر رہا کر دیا گیا۔ 375 افغان باشندوں کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھیں، اور 25 افغان باشندوں کی دستاویزات کی تصدیق تک ان کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ آپریشن سے قبل خفیہ معلومات کی بنا پر لسٹیں بھی مرتب کی گئی تھیں، اور کئی جرائم پیشہ افغان باشندوں کی نشان دہی بھی ہوئی ہے۔ جبکہ گرفتار 375 افغانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے غیرملکیوں کے بارے میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ ویزا کی مدت ختم ہونے والے غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ جن غیر ملکیوں کا 3 اکتوبر تک ویزا ختم ہو چکا‘ انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سے 6 ہزار غیر ملکی شہر چھوڑ گئے۔ تین اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے بعد مزید کارروائی کو تیز کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں غیر قانونی گرفتار غیرملکیوں کی تعداد 398 ہو گئی۔ اب تک مختلف تھانوں میں 43 مقدمات درج کر لئے گئے۔

مزیدخبریں