لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے کڈنی کے 328غیر قانونی آپریشن کرنے والے گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار کرنے والی ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر فواد مختار اور اس کے گینگ کے تمام افراد پکڑے جا چکے ہیں۔ فواد مختار نے غیر قانونی طورپر چوری کر کے، دھوکہ دہی سے یا پیسے دے کر 328افراد کے گردے نکالے اور ٹرانسپلانٹ کئے۔ ڈاکٹر فواد گینگ کا اسسٹنٹ کے طورپر آپریشن کرنے والا بنیادی طورپر موٹر مکینک ہے اور یہی موٹر مکینک مریضوں کو بے ہوش کرنے کا کام بھی کرتا تھا۔ گینگ لاہور، ٹیکسلا اور آزاد کشمیر میں زیادہ متحرک تھا اور آپریشن تھیٹر کی بجائے گھروں میں گردوں کے آپریشن کرتے ہیں۔ پاکستانی مریضوں سے 30لاکھ روپے لیا جاتا تھا جبکہ بیرون ملک سے آنے والے مریضوں سے ایک کروڑ روپیہ فیس لی جاتی تھی۔ جناح ہسپتال میں ایک مریض سے پیسے لئے گئے اور بعدازاں دھوکہ دہی سے اس کا صحت مند گردہ نکال لیا گیا جب وہ مریض کسی دوسرے ڈاکٹر کے پاس گیا تو پتہ چلا کہ اس کا ایک گردہ ہی نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ ملزم ڈاکٹر فواد مختار 5مرتبہ پکڑا جا چکا ہے، رہائی کے بعد ہر دفعہ پھر یہی کام شروع کر دیتے تھے۔ اب ہم کوشش کررہے ہیں کہ اب انہیں چھٹی مرتبہ گرفتار کرنے کی نوبت نہ آئے۔ چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم کام کررہی ہے، پراسیکیوشن کو ہدایت کی گئی کہ مضبوط چالان پیش کیا جائے۔ ڈاکٹر فواد کو فرار کرانے والے پولیس ٹیم کو معطل کیا جا چکا ہے۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے آج چین کے قومی دن پر چینی قونصلیٹ میں قائم مقام قونصل جنرل چاو¿کی (Mr.Cao Ke) سے ملاقات کی اور انہیں چین کے قومی دن پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی محسن نقوی، قائم مقام چینی قونصل جنرل، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور چیف سیکرٹری نے مل کر کیک کاٹا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قائم مقام چینی قونصل جنرل کو پھول اور روایتی مٹھائی پیش کی۔ قائم مقام چینی قونصل جنرل نے چین کے قومی دن پر چینی قونصلیٹ آمد پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں چین کا قومی دن جوش و خروش سے منایا گیا، شاہراہوں اور سڑکوں پر چین سے اظہار یکجہتی کے پورٹریٹ اور بینرز آویزاں کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میانوالی میں عیسی خیل کنڈل چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پٹرولنگ پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے جرات اور بہادری سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ پولیس اہلکاروں نے جان پر کھیل کر بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا۔ شہید ہارون خان قوم کا ہیرو ہے۔ ہارون خان کے اہل خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے پنجاب ہاو¿س کراچی کا دورہ کیا اور پنجاب ہاﺅس کراچی کے ریونیو جنریشن اور اپ گریڈیشن پلان کی منظوری دی۔ پنجاب ہاﺅس کراچی کی گراﺅنڈ اور فرسٹ فلور کا کرایہ 3 لاکھ روپے ہو گا۔ آن لائن بکنگ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ نجی کمپنیاں اور ادارے پنجاب ہاو¿س کراچی میں تقریبات کر سکیں گے۔ ادھر محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ابن سینا ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کا افتتاح کردیا۔
گردے کے 328غیر قانونی آپریشن کرنے والا گینگ سرغنہ سمیت پکڑ لیا: محسن نقوی
Oct 02, 2023