لاہور(نیوز رپورٹر) انجمن حمایت اسلام کے 140ویں یومِ تاسیس کے موقع پر طبع ہونے والی کتاب ’’فروغِ اْردْو اور انجمن حمایت اسلام‘‘ کی تقریبِ رونمائی میں خطبہ صدارت میں جسٹس رستم علی ملک نے کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام رواداری، خدمت اور ترقی کی علامت کے طور پر قائم ہے۔ موجودہ اراکین بزرگوں کی میراث برقرار رکھنے کیلئے فی سبیل اللہ تعلیمی اور فلاحی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن نے کہا انجمن حمایتِ اسلام پاکستان کے بعد تاریخ پاکستان کا سب سے اہم ملی اور قومی ادارہ ہے۔ سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے کہا اراکین دیانت داری سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ شرکامیں جسٹس(ر) سخی حسین بخاری، ڈاکٹر شوکت علی، زبیر عمران خواجہ، سہیل محمود بٹ، میاں شاہد لطیف، میاں عمران مسعود کے علاوہ سینکڑوں سربراہان ادارہ‘ ملازمین شامل تھے۔ملازمین کو عمرہ کی ٹکٹوں کی قرعہ اندازی ہوئی اور مجلسِ انتظامیہ کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔