ضلع بھر میں ہزاروں نئے درخت لگائے جا رہے ہیں:تسلیم اختر رائو

Oct 02, 2024

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر رائو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سموگ کے خاتمے اور ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ آنیوالی نسلوں کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے ضلع بھر میں ہزاروں نئے درخت لگائے جا رہے ہیں اور انکی نگہداشت کا بھی خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ نے ستمبر میں سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف متعلقہ اداروں کی کارروائیوں بارے بتایا کہ ستمبر میں ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ننکانہ نے سموگ اور دھواں چھوڑنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 37 گاڑیوں کے چالان کر کے 92 ہزار روپے کے جرمانے کیے جبکہ ماحول میں بگاڑ پیدا کرنے والی 10 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے فصلوں کے بقیہ کو آگ لگانے والوں کے خلاف بھی موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

مزیدخبریں