لاہور(کامرس رپورٹر) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے اپنے ہیڈ کوارٹر میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا۔ ایف ٹی او کے مشیر ڈاکٹر وقار چوہدری آرائیں نے منگل کو یہاں بزنس کمیونٹی کے ساتھ ایک آگاہی سیشن میں کہا اس اقدام کا مقصد ٹیکس ریٹرن کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ یاد رہے کہ ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ ڈاکٹر وقار چوہدری آرائیں نے شرکاء کو بتایا کہ یہ اقدام ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں پاس ورڈ بازیافت کرانے اور دیگر مسائل کے حل میں مدد فراہم کریگا۔ ایف بی آر کے تربیت یافتہ اہلکار ٹیکس فائلرز کو مدد فراہم کرنے کے لیے دستیاب ہونگے۔