اسلام آ باد (خبرنگار)پاکستان اور چین کے درمیان پاکستان میں ٹیئر فور ڈیٹا سینٹرز کے قیام پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیاایم او یو پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان طویل مدتی تعاون کے فریم ورک کے طور پر کام کرے گا جس کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بڑھانا اور بگ ڈیٹا میں جدت طرازی کو فروغ دینا ہے۔گوادر پرو کے مطابق کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چینی حکام کے درمیان ایک ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، جس میں بگ ڈیٹا کے شعبے میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان میں ٹیئر فور ڈیٹا سینٹرز کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں معروف چینی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز، قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے طلعت محمود گوندل، ممبر ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹلائزیشن نعمان خالد اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ گوادر پرو کے مطابق طلعت محمود گوندل نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کو اجاگر کیا اور ملک کی تیزی سے پھیلتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے بگ ڈیٹا اور ڈیجیٹلائزیشن میں ترقی کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کو بگ ڈیٹا جدت طرازی کے مرکز کے طور پر قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔