پاکستان اور چین سی پیک کی مشترکہ تعمیر کیلئے پرعزم، مریم نواز:نابینا افراد کے احتجاج کا نوٹس، سختی نہ کرنے کا حکم

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیراعلی  مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کی 75ویں سالگرہ کے گولڈن ویک کے آغاز پر مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ مریم نواز نے  چین کے عوام کو 75 ویں قومی دن پر خصوصی مبارکباد پیش کی اور صدر شی جن پنگ اور ان کے رفقا کار کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔  مریم نواز نے مزید کہاکہ پنجاب کے عوام برادر ملک چین کی 75ویں سالگرہ کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ چین اور پاکستان مثالی ہمسائے، اچھے دوست اور قابل قدر شراکت دار ہیں۔ پاک چین دوستی حکومت سے عوام کی سطح تک ناقابل تردید حقیقت ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستانی معیشت کی ترقی اور استحکام میں مدد مل رہی ہے۔ پاکستان اور چین سی پیک کی مشترکہ تعمیر کے لئے پر عزم ہیں۔ چین نے عالمی سطح پر انسانی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مشترکہ روشن مستقبل کی تعمیر کے ویژن کو فروغ دیا۔ علاوہ ازیں  مریم نوازنے نابینا افراد کے احتجاج پر نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے نابینا افرا د سے کسی قسم کی سختی نہ کرنے کا حکم دیا۔  مریم نوازشریف نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو نابینا افراد سے بات چیت کرکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے نابینا افراد کے تشدد سے زخمی پولیس اہلکاروں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ پولیس کے سر پھاڑنے کے باوجود وزیراعلی مریم نوازشریف نے نابینا افراد کے ساتھ تحمل سے پیش آنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ  نے پولیس کو ہدایت کی کہ سپیشل پرسنز ہیں، اْن کے مسائل کا ہمیں احساس ہے، تحمل کا مظاہرہ کریں۔ نابینا افراد نے سڑک واگزار کرانے کی کوشش پر پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا تھا۔  مریم نواز شریف نے شجاع آباد میں تیزاب گردی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے بزرگ افراد کے عالمی دن پر پیغام میں کہاہے کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لئے ایک سبق ہیں۔ بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ بزرگوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر ہمارے آج کو ممکن بنایا ہے۔ بزرگ افراد پاکستان کا سرمایہ ہیں، خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ بزرگوں کا احترام ہمارے عقائد اور تہذیب کا حصہ ہے۔ بزرگوں کے زندگی کے تجربات اور مشاہدات ہمارے لئے خزانے کے مترادف ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن