مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد تک گرنا حادثہ نہیں نتائج، وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد تک گرنا حادثہ نہیں ہے بلکہ یہ نتائج ہیں۔ قوم کو گزشتہ چند برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اﷲ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی ہے۔  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کیا اور مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومتی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد آئی جبکہ ستمبر 2024 میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی میں نمایاں کمی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے، پہلے دن سے ہی عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا، پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجراء  سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں ٹریکوما کے خاتمے کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریکوما کے خاتمے کیلئے تمام اداروں نے مل کر کام کیا۔ امید ہے ٹریکوما کی بیماری کبھی واپس نہیں لوٹے گی۔ ملک سے پولیو کا خاتمہ بھی ترجیح ہے۔ ہیپا ٹائٹس کے خاتمے کیلئے بھی پنجاب میں اقدامات کئے۔ ملک سے آنکھوں کی بیماری ٹریکوما کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ پاکستان سے ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان تاریخی ہے۔ کروڑوں لوگوں کے بروقت علاج سے ان کی بینائی بچ گئی۔ ملکی تاریخ میں آج بڑا خوش نصیب دن ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عبد المجید تبون کو الجزائر کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عبد المجیدتبون کے ساتھ پاکستان اور الجزائر کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت سمیت ہر شعبہ میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے  لئے  مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کی ولولہ انگیز قیادت میں چین نے غیر معمولی ترقی کے اہداف حاصل کئے ہیں۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں،ہماری تزویراتی شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین روڈ اینڈ بیلٹ منصوبہ کے فلیگ شپ پراجیکٹ ’’سی پیک‘‘ کی مکمل کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم چین کے ساتھ ہر شعبہ میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں بزرگ شہری ہماری تاریخ کے رکھوالے،حکمت و دانائی کے امین اور ہمارے خاندانوں کو جوڑے رکھنے والی وہ رونقیں ہیں جن کی بدولت ہمارے گھر ہمیشہ روشن اور ہماری آئندہ نسلوں تک ہماری ثقافت کی منتقلی ممکن ہوتی ہے،ہمارا وژن ہے کہ ہمارے معاشرے کے معمر افراد بااختیار ہوں۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق معمر افراد کے عالمی دن پر وزیر اعظم نے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم اکتوبر کو معمر افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، آج کے دن میں پاکستان کے انتہائی قابل احترام بزرگ شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور معاشرے میں ان کی بے پناہ اور انمول خدمات کا اعتراف کرتا ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی رہائشگاہ  پر گئے اور ان کے بڑے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے بڑے بھائی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ای پیپر دی نیشن