لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے نیلامی کمیٹی کو ازسر نو تشکیل دینے تک پنجاب کی تمام سرکاری زمینوں کی نیلامی روکنے کا حکم دیدیا۔ نیلامی کمیٹی میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ استحقاق کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز کمیٹیٰ روم نمبر 2میں ہواجس کی صدارت چیئرمین کمیٹی سمیع اللہ خان نے کی اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید کی محکمہ بلدیات کے خلاف تحریک استحقاق زیر بحث آئی۔ ایس ایم بی آر ،ممبر کالونیز،سیکرٹری پرائیویٹائزیشن،سیکرٹری قانون، اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، بھی موجود تھے جبکہ ممبران میں ملک احمد سعیدطارق گل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ کمیٹی نے ایس ایم بی آر سے پوچھا کہ سرکاری زمین کی نیلامی کے لئے بنائی گئی کمیٹی میں عوام نمائندوں کو کیوں نکالا گیا تو ایس ایم بی آر کا کہنا تھا کہ یہ نگران حکومت کے کہنے پر ایسا کیا گیا ہے ۔