بنکاک (نیٹ نیوز) بنکاک میں سکول بس میں آتشزدگی سے طلبہ سمیت 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ فارنزک سائنس کمشنر تریرونگ فیوپان نے میڈیا ٍسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 نعشیں نکالی جا چکی ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ وزیر داخلہ انوتین چرنویراکول نے صحافیوں سے گفتگو میں 25 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ وزیر ٹرانسپورٹ سوریا جونگرونگر وانگٹ نے کہا 16 طلبہ اور 3 اساتذہ کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بس میں ایندھن کیلئے قدرتی گیس کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ قائم مقام پولیس چیف کٹیراٹ فانفیٹ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا اساتذہ نے ہمیں بتایا آگ بہت تیزی سے پھیلی۔ عینی شاہدین سے بات کرنے کے بعد ہمارا ماننا ہے آگ ٹائر سے نکلنے والی چنگاری کی وجہ سے لگی جس نے فیول فراہم کرنے والے گیس سلنڈر کے ذریعے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے مزید کہا کچھ طلبہ نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ پولیس سربراہ نے کہا ہم بس کمپنی سمیت تمام افراد سے تفتیش کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہیں یہ واقعہ لاپرواہی کی وجہ سے تو پیش نہیں آیا۔ سوشل میڈیا کے ساتھ مقامی میڈیا کی جانب سے واقعے کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جس میں بس سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جبکہ بس کے کچھ حصوں میں آگ لگی بھی دیکھ جا سکتی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ ایک ماں کی حیثیت سے میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔