وفاقی حکومت نے تاجر برادری کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی یقین دہانی کرادی 

Oct 02, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے تاجر برادری کے ایک وفد کو  بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی (اپٹما) کے چیئرمین کامران ارشد کی سربراہی میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اپٹما وفد نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل کے بارے میں وزیر مملکت کو بریفنگ دی اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ملاقات کے بعد چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو مہنگی بجلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم میں بے شمار مسائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک شرح سود میں بتدریج کمی لانے کے اقدامات کرے، آئندہ 2 مانیٹری پالیسی میں شرح سود 600 پوائنٹس کم کی جائے۔اپٹما وفد کا کہنا تھا پاکستان میں بجلی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں دگنی ہے، اگر بجلی قیمت 9 سینٹ ہوجائے تو ٹیکسٹائل ایکسپورٹ چند سالوں میں دگنی ہوسکتی ہے۔حکومتی یقین دہانی سے امید ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر پروگرام طے کیا ہے، امید ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔

مزیدخبریں