اختلافات بھلا کر سیاسی جماعتوں کو ملک کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے:گورنر پنجاب

لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی ترقی اور معاشرتی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے۔ تعلیم قوموں کی ترقی اور کامیابی میں زینے کا کردار ادا کرتی ہے۔نوجوان نسل پاکستان کو ایک قوم بنا کر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بناسکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن سے بطور چانسلر خطاب کرتے ہوئے کیا۔  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ روالپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کی صدارت کرنا میرے لئے باعث افتخار ہے اور میں تمام کامیاب طالبات ، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اْنہوں نے کہا کہ آج تاریخی لمحہ ہے کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو ایک یونیورسٹی تھی،جبکہ رواں برس تک ملک میں یونیورسٹیوں کی تعداد 265 ہے جو خوش کہ آئند بات ہے۔ پاکستان واحد مسلمان ملک ہے جو ایٹمی طاقت ہے اور اسلامی دنیا کی قیادت کر سکتا ہے لیکن اس کے لئے ملک میں امن وامان کا ہونا ضروری ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں فکیلٹی برائے سائنس اور فیکلٹی برائے ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کی کل 847 طالبات کو ڈگریاں جاری کی گئیں جبکہ 10 طالبات کو سونے کے تمغات 09کو چاندی کے تمغات13 طالبات کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کے سرٹیفکیٹس جبکہ 26 طالبات کو رول آف آنر عطا کیا گیا۔ طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ سیاست ضرور کریں مگر سب سے پہلے ملک کا سوچیں۔ شنگھائی کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے، سیاسی اختلافات بھلا کر سب جماعتوں کو ملک کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے۔احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کریں،چیزوں کو آگے کی طرف لیکر جائیں۔ موجودہ صورتحال میں نوابزادہ نصراللہ جیسی شخصیت کی ضرورت ہے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت سے سب فائدہ اٹھائیں۔ وہ چیزوں کو جوڑ سکتے ہیں۔ ہٹ دھرمی کی سیاست سے نکلنا پڑے گا اور میں مشورہ دوں گا کہ صدر زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں، چیزیں ساری بہتر ہو جائیں گی۔ وائس چانسلرز والے معاملہ پر بہت بات ہو چکی ہے‘ میں یہ کہتا ہوں کہ سو فیصد میرٹ پر عمل ہو۔ آئینی ترمیم ہونی چاہیئے لیکن اتفاق رائے سے ہونی چاہیئے۔ آئینی ترامیم میں پی پی پی کی ایک ہی مقصداورسوچ ہے۔

ای پیپر دی نیشن