اسلام آباد ؍ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ آئی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں ابھی تک پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ نہیں ملا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ آئے گا تو ہم اجلاس میں شریک ہوں گے۔ حکومت نے آپریشن کی بات کی تو ہم نے ہی ان کیمرہ بریفنگ کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ارکان اسمبلی کی حفاظت کر رہے ہیں۔ اگر پارلیمان کو آگے لیکر جانا ہے تو کسی صورت میں اس طریقے سے آئینی ترمیم نہیں ہونی چاہئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی راج کماری مریم نواز کے احکامات پر جیل میں بشریٰ بی بی کو بے جا تنگ کیا جارہا ہے، با پردہ خاتون کی کیمروں کے سامنے تلاشی لے کر تضحیک کی جارہی ہے، رات کو نیند سے جگا کر سیل کی تلاشی کے بہانے ذہنی اذیت دی جارہی ہے، بشریٰ بی بی کے ذریعے عمران خان کو توڑنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، پشاور کی بزرگ خاتون کو بھی گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا، مریم نواز اتنا ظلم کریں کہ کل پھر برداشت بھی کرسکیں۔ پی ٹی آئی رہنما رئوف حسن نے کہا ہے کہ میں کبھی بھی حق میں نہیں ہم ہتھیار اٹھائیں، میں سمجھتا ہوں ڈائیلاگ کرنا چاہئے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں ، 9مئی کے بعد پھر پچھلے کچھ دنوں سے پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہورہا ہے، جس طرح ہمارے احتجاج کو بار بار سبوتاژ کیا گیا ہے، پورے کے پورے شہر لاک ڈائون ہوجاتے ہیں، علی امین کے پاس آپشن کیا ہے؟ کیا وہ گولیاں کھاتا رہے؟ اس پربراہ راست گولی چلائی گئی ہے، لوگوں کو مارا گیا ہے، کیا وہ کہے اور ماریں؟علی امین گنڈا پور کی دھمکی ایک اپیل ہے کہ ہمیں سیاست کرنے کی اجازت دی جائے۔
ترامیم نہیں ہونی چاہئیں، بیرسٹر گوہر، بشریٰ بی بی کی تضحیک کی جا رہی، سیف
Oct 02, 2024