اسلام آباد (وقائع نگار) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام ہونے والی کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کو سرمایہ کاروں کی طرف سے بھر پور پذیرائی ملی ہے.نیلامی کے پہلے روز 5 پلاٹ 11 ارب میں فروخت کئے گئے. سی ڈی اے کے زیر اہتمام سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھرپور مقابلہ دیکھنے میں آیا۔چئیر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا سی ڈی اے کے نیلام عام بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ان کی طرف سے ادارے کی پالیسیوں پر اعتماد کااظہار ہے ۔سہہ روزہ کمرشل پلاٹوں کا نیلام عام 3 اکتوبر2024 تک گندھارا سیٹزن کلب، F-9 پارک میں جاری رہے گا.تفصیلات کے مطابق نیلام عام کے پہلے روز F-8 مرکز کیپلاٹ نمبر G۔13 کو 1.22 ارب اور D۔16 کو 1.24 ارب روپے میں نیلام کیا گیا. اسی طرح G-8 مرکز کے پلاٹ نمبر 4D کو 598.3 ملین میں نیلام کیا گیاجبکہ بلیو ایریا G-8 کمرشل پلاٹ نمبر 10 کو 5.35 ارب روپے میں نیلام کیا گیا. مرکز I-8 کا پلاٹ نمبر I.B کو ،2.4ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر نیلامی کے پہلے روز 5 پلاٹس 11 ارب روپے میں فروخت کئے گئے.سہہ روز نیلام عام میں اسلام آباد کے ڈویلپڈ کمرشل مراکز اور ما رکیٹس میں واقع مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کے لئے پیش کئے جارہے ہیں. اس نیلام عام میں موٹلز، اپارٹمنٹس سمیت کلاس تھری شاپنگ سینٹر کے پلاٹ بھی سرمایہ کاری کے لئے پیش کئے جارہے ہیں.نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس کی سربراہی میں تشکیل دی گئی نیلامی کمیٹی کررہی ہے.موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے.
سی ڈی اے کی کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کو سرمایہ کاروں کی طرف سے بھر پور پذیرائی ملی
Oct 02, 2024