اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ تعلیمی نظام کردار سازی، تکنیکی ترقی ، روحانی و اخلاقی اقدار اور صلاحیتوں کو نکھارنیپر توجہ مرکوز کرنے کے حامل کثیرالجہتی نقطہ نظر پر مبنی ہونا چاہیے، تعلیم کا مقصد صرف مادی کامیابی نہیں بلکہ روحانی نشوونما اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے معاشرے کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے، چوہدری سالک حسین نے سوشل میڈیا اور دیگر جدید مواصلاتی ذرائع متعارف ہونے کے بعد معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کے اخلاق پر اس کے منفی اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام ،ماہرین تعلیم اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس صورتحال سے نبردآزما ہونے اور نوجوان نسل کے اخلاق کو سنوارنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،اساتذہ تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ طلبا کی کردار سازی پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ پاکستان کے حقیقی سفیر بن سکیں، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مسقط کے علاقے السیب میں پاکستان اسکول کے نئی بین الاقوامی کیمپس کے افتتاح کے موقع پر کیا، چوہدری سالک حسین کا مزید کہنا تھا کہ مختلف پس منظر کے طلبا پاکستان اسکولز میں ہم آہنگی کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو برداشت، سمجھ بوجھ اور اتحاد کی وہ اقدار ہیں جو پاکستان اسکولز نے فروغ دی ہیں ، پاکستان اسکول سسٹم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں 27 قومیتوں کے طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو پاکستان اسکولز پر عمان کے رہائشیوں کے اعتماد کا مظہر ہے، پاکستان اسکولز میں طلبا کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث عمان حکومت نے نئے پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے لیے دو ایکڑ زمین عطا کی ہے، جو اٹھارہ ماہ میں تیار ہو جائے گا، چوہدری سالک حسین نے عمان میں پاکستان اسکولز کی بہتری کے لیے سفارتخانے اور اسکول بورڈ کی کاوشوں کو سراہا،تقریب میں پاکستانی سفیر عمان چوہدری عمران علی، ڈاکٹر خدیجہ السلمی، ڈائریکٹر جنرل نجی اسکولز وزارت تعلیم عمان اور پاکستانی و عمانی برادری نے شرکت کی، پاکستان اسکول سسٹم کے پہلے ہی عمان میں سات کیمپسز ہیں جن میں صبح اور شام کے اوقات میں 8500 سے زائد طلبا زیر تعلیم ہیں یہ نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس کنڈرگارٹن سے لے کر اے لیول تک 3000 طلبا کو تعلیم فراہم کرے گی۔
علمائے کرام ،ماہرین تعلیم نوجوان نسل کے اخلاق کو سنوارنے کیلئے کردار ادا کریں، چوہدری سالک
Oct 02, 2024