بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے:وفاقی وزیر داخلہ 

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےشنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا .جس میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے. سمٹ میں کئی سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے. ایس سی او سربراہی کانفرنس کے موقع پر فول پروف انتظامات کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورت بنایا جائے گا اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، کانفرنس کے دوران فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے  کیلئے پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنا متعین کردہ کردار ادا کریں، سب کو باہمی تعاون سے اس اہم سربراہی کانفرنس کے پر امن اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن