سانحہ سیالکوٹ میں مطلوب سابق ایس ایچ اوانسپکٹررانا الیاس کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔

پندرہ اگست کی صبح دو سگے بھائیوں مغیث اورمنیب سجاد کی مشتعل دیہاتیوں کے ہاتھوں ہلاکت کے وقت سابق ایس ایچ اوتھانہ صدرسرکل انسپکٹر رانا الیاس دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پرموجود تھے۔ واقعہ کے چارروز بعد ایس ایچ او رانا الیاس کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم بیس اگست کی رات کو موقع ملنے پرحوالات سے فرار ہوگیا۔ ملزم رانا الیاس کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلئے اس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ اور واچ لسٹ میں شامل کیا جا چکا ہے، جبکہ موبائل ٹریکنگ کے ذریعے بھی اس کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کے علاوہ رانا الیاس کے متعدد رشتہ دار بھی پولیس نے حراست میں لے رکھے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق  رانا الیاس کا بیرون ملک فرار ہونا مشکل ہے، کیونکہ ابھی تک اس کا پاسپورٹ بھی نہیں بنا ہوا۔ ڈی پی او سیالکوٹ بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ رانا الیاس کو پولیس ملازمت سے بھی برخاست کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن