مسلم لیگ نون کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ لاہور میں جلوس پر خودکش حملے کرنے والے عناصر پاکستان کو غیرمستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن عوام ان کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا دیں گے۔

محمد نواز شریف مظفرگڑھ کے علاقے سبزوجت اور بصیرہ میں سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملوں سے معصوم شہریوں کی جان لینے والے پاکستان کے دشمن ہیں، اور پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کی جانب سے متاثرین سیلاب میں امدادی سامان کے تیس ٹرک تقسیم کئے گئے۔ نوازشریف نے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ بیس ہزار روپے کی امداد کم ہے، ہر متاثرہ خاندان کو کم از کم ایک لاکھ روپے دیئے جائیں تاکہ متاثرین اپنے پاوں پر کھڑے ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور مسلم لیگ نون کے کارکن بڑے خلوص سے متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عید سے پہلے متاثرین کو فی خاندان بیس ہزار روپے کی قسط مل جائے۔

ای پیپر دی نیشن