3 روزہ سوگ کا اعلان‘ دھماکے کرنے والے شیعہ اور سنیوں کے دشمن ہیں: عباس کمیلی

Sep 02, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک + ایجنسیاں) جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ حکومتوں کی نااہلی کے باعث ایسے واقعات ہو رہے ہیں‘ خودکش دھماکے کرنے والے شیعہ اور سنی دونوں کے دشمن ہیں‘ انہوں نے اپیل کی کہ سنی اور شیعہ اتحاد برقرار رکھیں۔ انہوں نے اس موقع پر تین روزہ پرامن سوگ کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث یہ واقعات ہوئے ہیں۔ حضرت علیؓ تمام مسالک کے نزدیک معزز اور محترم ہیں۔ اس وقت حکومت سو رہی ہے‘ انتظامیہ غافل ہے‘ کسی کو کچھ پروا نہیں‘ دہشت گرد گرفتار نہیں ہو رہے‘ گرفتار ہوں تو چھوڑ دیا جاتا ہے‘ اسی لئے ان کے حوصلے بڑھتے ہیں۔ سب کچھ کرنے والے ایک مخصوص مکتبہ فکر کے لوگ ہیں۔ شیعہ سنی اپنا اتحاد برقرار رکھیں‘ دونوں نے اپنے دشمن کو پہچان لیا ہے لیکن حکومتوں کو بھی اپنا کام کرنا چاہئے۔ عالم اسلام سے اپیل ہے کہ ان لوگوں کے خلاف بھرپور کردار ادا کریں جنہوں نے برین واشنگ کی اور کفر کے فتوے دئیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ دہشت گردوں کو ساتھ لئے پھرتے ہیں‘ بعض وفاقی وزرا بھی دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔حریک تحفظ حقوق جعفریہ کے مرکزی سربراہ علامہ مشتاق حسین جعفری نے 8 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے‘ تحریک حسینیہ کے ڈاکٹر علامہ حسین اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں دہشت گردی کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے۔
مزیدخبریں