باجوڑایجنسی کی تحصیل ماموند کے سرحدی علاقے غاغی میں سیرکے لئے جانے والے ساٹھ نوجوانوں کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے اغوا کرکے افغانستان کے صوبہ کنڑپہنچا دیا ہے۔ باجوڑ ایجنسی کی انتظامیہ نے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں نوجوانوں کے اغوا کی تصدیق کی ہے۔ انتظامیہ کےمطابق نوجوانوں نےغلطی سےسرحد کو عبورکیا اور وہاں موجود عسکریت پسندوں نے ان کواٹھا کر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق نوجوانوں کا تعلق تحصیل ماموند کے مختلف علاقوں سے ہے۔ انتظامیہ نے افغانستان میں یرغمال بنائے گئے ان افراد کی بحفاظت بازیابی کے لئے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس مقصد کے لئے انتظامیہ نے ماموند قبائل کے عمائدین اورزعماء کا ایک خصوصی جرگہ آج طلب کیا ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا نے کہا ہے کہ ان افراد کو اغوا کرنے والوں کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یرغمال افراد کی بازیابی کیلئے جرگہ تشکیل دے کر روانہ کردیا گیا ہے۔