پاکستان زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز کل سے شروع‘ کامیابی حاصل کریں گے: مصباح الحق ‘ ٹف ٹائم دیں گے: اینڈی والر

Sep 02, 2013

لاہور+ہرارے(سپورٹس رپورٹر+سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کل ہرارے ٹیسٹ سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 16 واں ٹیسٹ میچ کھیلا جائیگا جبکہ اس سے قبل کھیلے جانے والے 15 ٹیسٹ میچوں میں سے 9 ٹیسٹ پاکستان ٹیم نے جبکہ دو ٹیسٹ میچوں میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ چار ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ٹیسٹ سیریز جیت کر ہی واپس جائینگے۔ ہمارا ٹیسٹ سکواڈ سیٹ ہے اور تمام سینئرز پرفارم کر رہے ہیں ۔ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ زمبابوے ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرف سے آج تک میچ فیس کی ادائیگی کے الٹی میٹم کے بعد زمبابوے کرکٹ بورڈ پریشان ہے۔ کوچ اینڈی والر بھی صورتحال سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال کیلئے تیار ہیں اگر سینئر کھلاڑیوں نے انکار کیا تو جونیئرز کو میدان میں اتاریں گے۔ پاکستان مضبوط ٹیم ہے اگر ہم نے بلواویو میں نیٹ میچ میں کامیابی حاصل کر لی تو ہرارے میں دوسرے نیٹ میچ میں مزید کارکردگی بہتر ہوئی سیریز میں کوشش ہو گی کہ کھلاڑی بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں اور مہمان ٹیم کو ٹف ٹائم دیں۔

مزیدخبریں