لاہور (نامہ نگاران) غربت نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی تین یتیم بہنوں کا اکلوتا بھائی گولیاں کھا کر زندگی سے منہ موڑ گیا۔ محلہ احمد پارک گوجرہ کا 18 سالہ عبدالرحمن نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق نواحی ٹھٹھی نور کی خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی۔ کائنات نے گھریلو جھگڑے کے باعث زہریلی گولیاں کھا لیں جسے فوری طور پر پھلروان ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جاں بحق ہو گئی۔ گجرات میں 3 کمسن بچوں کی ماں نے آئے روز جھگڑوں سے تنگ آکر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔ شاہ کوٹ گلشن کالونی میں گھریلو ناچاقی پر ایک نوجوان عباس نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی جبکہ چھانگا مانگا نواحی گائوں بھوئے آصل میں نوجوان ذوالفقار علی بابر نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی۔