لیبیائی اسلحہ کی”فیس بک“ کے ذریعے الجزائر کو فروخت کا انکشاف

Sep 02, 2013

الجزائر (ثناءنیوز) افریقی ملک الجزائرکے ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ لیبیا کے مقتول لیڈر کرنل معمر قذافی کا متروکہ اسلحہ اور سامان حرب و ضرب سماجی رابطے کی ویب سائٹ "فیس بک" کے ذریعے الجیرین باشندوں کو فروخت کیا جا رہا ہے۔الجیرین اخبار"الشروق" کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی حکام نے "فیس بک" کے ذریعے ہونے والی اسلحے کی فروخت کی اطلاعات ملنے کے بعد واقعے کی باریک بینی سے چھان بین شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں 'فیس بک' اور آن لائن ہونے والی کسی قسم کی خریداری پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق مرد آہن کرنل معمر قذافی کے دور میں تیار ہونے والا وہ اسلحہ جو باغیوں اورعام لوگوں کے ہاتھ لگ گیا تھا، اب مختلف ذرائع سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس اسلحے کے خریداروں میں دیگرممالک کے لوگ بھی شامل ہیں مگرسب سے زیادہ الجزائر میں خریدا جاتا ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ مقتول کرنل قذافی کا متروکہ اسلحہ الجزائر کی 48 ریاستوں میں وافر تعداد میں پہنچ چکا ہے اور لوگ دھڑا دھڑمزید بھی خرید رہے ہیں۔ فیس بک پر مشتہر اسلحے کا ایک اشتہار کچھ یوں ہے"روسی ساختہ 122 کلاشنکوفیں مع 5000 کارتوس نہایت عمدہ حالت میں دستیاب ہیں۔ قیمت صرف 3 ہزار ڈالر ہے۔ کم از کم دس کلاشنکوفوں کے خواہش مند حضرات رابطہ کریں۔ اس سے کم تعداد میں سودا نہیں کیا جائے گا“۔ ایک دوسرے اشتہار میں 100 ترک ساختہ ہلکے نو ایم ایم پستول قیمت 800 ڈالرز میں فروخت کے لئے پیش کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں