جنرل سیسی اور انکے ساتھیوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے : جماعت اسلامی آزاد کشمیر

جنرل سیسی اور انکے ساتھیوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے : جماعت اسلامی آزاد کشمیر

اسلام آباد (ثناءنیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں متفقہ طور پر مصر میں جمہوری حکومت پر شب خون مارنے اور فوج کی طرف سے عوام کے پر امن احتجاج پر طاقت کے استعمال پر قرارداد منظور کی گئی ۔ترجمان کے مطابق مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مصری فوج کے ہاتھوں پرامن شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ جنرل سیسی اور ان کے ساتھیوں پر عالمی عدالت میں جنگی جرائم پر کھلا مقدمہ چلایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے ۔ اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کے ذریعے 14اگست سے لے کر اب تک کی خونیں کارروائیوں کی تحقیقات کرائی جائے۔ افریقی یونین کی طرح اقوام متحدہ ، او آئی سی اور عرب لیگ میں بھی مصر کی رکنیت اس وقت تک معطل کر دی جائے جب تک وہاں منتخب حکومت بحال نہیں ہوجاتی ۔مصری عوام نے بیش بہا قربانیاں دے کر 64 سالہ ظلم و جبر اور آمریت سے نجات حاصل کی تھی پھر عوام کی اکثریت نے دو سال کے عرصے کے دوان پانچ مرتبہ مختلف سطح پر انتخابات میں صدر محمد مرسی اور ان کی جماعت کو واضح اکثریت سے منتخب کیا ۔ منتخب صدر نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور طبقات کو حکومت میں نمائندگی دیتے ہوئے تابندہ جمہوری روایات قائم کیں ۔ ملک کو عوام کا منظور شدہ پہلا آزادانہ و جمہوری دستور دیا ۔
 داخلی اور خارجی پالیسیوں کو بیرونی غلامی سے آزاد کرواتے ہوئے خالصتاً قومی مفادات کی بنیاد پر تشکیل دینا شروع کیا لیکن بدقسمتی سے کرپٹ اور جابرانہ سابق حکومت کی باقیات نے نومنتخب جمہوری حکومت کے ساتھ مسلسل عدم تعاون کارویہ اختیار کیا اور پھر بالآخر بین الاقوامی سازش کے تحت فوجی سربراہ نے منتحب حکومت کا تختہ الٹ دیا ۔ مصری عوام کی واضح اور نمایاں اکثریت نے غیرآئینی فوجی انقلاب کو مسترد کرتے ہوئے پرامن احتجاج منظم کیا ۔ 27 جون سے قاہرہ کے دو اہم مقامات پر لاکھوں افراد نے دھرنا دیا۔ بدقسمتی سے فوجی جنتا نے عوام کا یہ منصفانہ مطالبہ منظور کرنے کے بجائے 14 اگست کو مصری تاریخ کی بدترین جارحیت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ہزاروں افراد کو شہید کردیا۔ محتاط اندازے کے مطابق 700 افراد شہید اور ہزار وں شہری زخمی ہو گئے۔ خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور بوڑھوں حتیٰ کہ صحافیوں کو بھی بے دردی سے قتل کر دیا گیا ۔ان تمام بے گناہوں کا خون فوج کے سربراہ جنرل سیسی ، اس کے ساتھیوں اور اس کے بیرونی سرپرستوں کی گردنوں پر عائد ہوتا ہے۔
جماعت اسلامی

ای پیپر دی نیشن