کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں سب انسپکٹر سمیت 6 افراد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں بھینس کالونی موڑ پر نامعلوم افراد نے 36 سالہ عارف کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ادھر مومن آباد کے علاقے میں مجاہد گرائونڈ سے 26 سالہ تیمور نعیم کی نعش ملی جسے تشدد کر کے ہلاک کیا گیا تھا منگھوپیر کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد نے ایک 30سالہ شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور اس کی نعش حب ندی کے قریب پھینک دی جبکہ ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے 30 سالہ اکبر ڈیفنس فیز 6 میں 25سالہ لطیف جبکہ ہجرت کالونی میں تین افراد 50سالہ ایران‘ 35سالہ فاروق اور 48سالہ محمد رئوف زخمی ہو گئے۔ ادھر ملیر سٹی کے علاقے بکرا پیڑی میں پولیس کے سب انسپکٹر نے بھکارن عورت کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ مقتولہ 35 سالہ فرزانہ سلطان اور سب انسپکٹر 45 سالہ حاجی خان کی نعشوں کو جناح ہسپتال پہنچایا گیا۔ سب انسپکٹر حاجی خان ملیر سٹی تھانے میں تعینات تھا اور پیر کی صبح کورٹ جانے کیلئے تھانے سے نکلا تھا۔ مقتولہ فرزانہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ رات کے اوقات میں اکثر سب انسپکٹر حاجی خان کے ساتھ دیکھی جاتی تھی۔